منگلورو17؍اپریل (ایس او نیوز) مبینہ طور پر پولیس زیاتیوں اور ٹارچر کاشکار ہوکر اسپتال میں داخل احمد قریشی کی صحت کے بارے میں افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف دو دن کے اندر سخت قانونی کارروائی کرنے کی وارننگ پولیس کمشنرچندر سیکھر نے دی ہے ۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چندر سیکھر نے کہا کہ سوشیل میڈیا میں احمد قریشی کی حالت نازک ہونے کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف معلومات اکٹھا کر لی گئی ہیں۔ایسے جھوٹے پیغامات ارسال کرنے کے والوں پرانڈین پینل کوڈ کی دفعات 505 (2) اور 153 کے علاوہ IT Act. کی دفعہ کی 66کے تحت قانونی اقدام کیا جائے گا۔پولیس کمشنر نے مزید یہ بھی کہا کہ کچھ شرپسند حالات کو کشیدہ کرنے اور اس کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں جن پر ہماری نظر بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بھی گزارش کی اس مسئلے پر جس طرح اب تک اس نے غیر جانبداری کارویہ اختیار کیا ہے ، اسے برقرار رکھتے ہوئے مزیداحساس ذمہ داری کے ساتھ رپورٹنگ کرے۔